لاہور : پاکستان کے معروف میزبان ، اناؤنسر ،ادیب ،شاعرطارق عزیزانتقال کرگئے ۔ پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان، ادیب، شاعر اورپی ٹی وی کے پہلے اناؤنسر طارق عزیزانتقال کرگئے ۔ ان کے بیٹے نے والد کی وفات کی خبرکی تصدیق کی ۔ طارق عزیز چند دن سے علیل تھے اور اچانک طبیعیت خراب ہونے پر انہیں نجی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ان کی نمازجنازہ رہائشگاہ علی بلاک گارڈن ٹاؤن میں ادا کی جائے گی ۔ طارق عزیز 1936 میں جالندھر میں پیدا ہوئے اور ان کا خاندان ہجرت کر کے پاکستان منتقل ہوا ۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان سے کیرئر کا آغاز کیا ، 1964میں پی ٹی وی کا خبرنامہ پڑھنے والے پہلے اناؤنسر کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہوا ۔ طارق عزیز نے پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے کوئز شو 'نیلام گھر' سے شہرت حاصل کی جو سب سے پہلے 1974 میں نشر ہوا تھا۔بعد ازاں اس مقبول ترین شو کا نام بدل کر پہلے 'طارق عزیز شو' اور بعد میں 'بزم طارق عزیز' رکھ دیا گیا ۔ انہوں نے60 اور70کی دہائی میں کئی فلموں میں اداکاری بھی کی ۔ 1967 میں پہلی فلم انسانیت ریلیزہوئی ۔ طارق عزیز کو 1992 میں پرائیڈآف پرفارمنس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ۔ طارق عزیز1997سے 1999تک رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں ۔