بحران سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی برادری ہنگامی اقدامات کرے ، طبی کانفرنس سے خطاب اسلام آ باد: آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ذہنی، نفسیاتی اور جسمانی صحت کا بحران الارمنگ صورت اختیار کر چکا ہے جس سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی برادری کو ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے ۔ اسلام آباد میں میڈیکس انٹرنیشنل کے زیر اہتمام بین الاقوامی طبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک تحقیقی مطالعہ میں بتایا گیا ہے کہ 11سے 15سال کی عمر کے بچوں کی ایک بڑی تعداد اپنی آنکھوں کے سامنے اموات، جنسی تشدد، جسمانی تشدد اور جائیداد کی تباہی و بربادی کو دیکھنے کے بعد پوسٹ ٹرامیٹک سٹریس ڈس آرڈر کا شکار ہے ۔ خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنا کرہراساں کیا جا رہا ہے ۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں طبی مراکز قبرستانوں کا منظر پیش کر رہے ہیں جہاں عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ اہل جموں وکشمیر اور پاکستان کا یہ موقف ہے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں کیونکہ اگر جنگ ہوئی تو یہ جوہری جنگ ہو گی جو لاکھوں انسانوں کی موت، عالمی کساد بازاری، فصلوں اور ماحول کی تباہی اور پوری دنیا میں معاشی بحران پر منتج ہو گی۔ انہوں نے شرکائے تقریب پر زور دیا کہ وہ کشمیروں پر بیتنے والے مظالم سے اپنے اپنے ممالک کے عوام اور حکومتوں کو آگاہ کریں۔