پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہسپتال میں پرائیویٹ ڈاکٹرز بیٹھیں گےعام شہریوں کا چیک اپ پرچی کے تحت ہوگا ، ملازمیں کو مفت علاج ملے گا فیصل آباد : فیصل آباد کے پولیس ملازمین کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے پولیس ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہسپتال میں پرائیویٹ ڈاکٹرز بیٹھیں گے ، پولیس ملازمین کا علاج مفت کیا جائے گا،عام شہریوں کا چیک اپ پرچی کے تحت ہوگا ۔ فیصل آباد کی طارق مجاہد پولیس لائن میں قائم پولیس ہسپتال غیر فعال ہے جہاں ادویات اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے بیمار پولیس ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس پر سی پی او فیصل آباد کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھر ی کی ہدایات پر اس ہسپتال کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فعال کیا جائے گا جہاں مختلف امراض کے ماہرین کو خدمات سرانجام دینے کیلئے مدعو کیا گیا ہے الائیڈ ہسپتال، سول ہسپتال اور فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے مختلف امراض کے ماہرین اور امراض قلب کے ماہر ڈاکٹرز کو بلواکر ہسپتال کا دورہ کروایا جارہا ہے اور ان کو تجاویز دی گئی ہیں کہ وہ یہاں پولیس ہسپتال میں اپنا وقت مختص کرکے یہاں مفت خدمات سرانجام دیں اور عام شہریوں سے پرچی فیس لے کر معائنہ و علاج معالجہ کریں گے جبکہ پولیس ملازمین کو چیک اور علاج کی سہولت مفت دی جائے گی اور ان کے علاج کے اخراجات محکمہ پولیس برداشت کرے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس لائن کے اس ہسپتال کو پولیس لائن سے دیوار کرکے الگ کرتے ہوئے اس کو زرعی یونیورسٹی روڈ کی جانب گیٹ نمبر دو سے راستہ دیا جائے گا، اس پولیس ہسپتال میں مزید بیڈز کا اضافہ ہوگا اور تشہیر کرتے ہوئے باقاعدہ فعال کیا جائے گا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق جگر معدہ کے ماہرین کے ساتھ ساتھ ماہر امراض قلب نے بھی پولیس حکام کے ساتھ معاہدہ طے کرلیا ہے باقی دیگر امراض جن میں کینسر،شوگر، ٹی بی سمیت دیگر امراض کے ماہرین سے رابطے جاری ہیں۔