ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ملتان کے 60 پارکوں میں خصوصی افراد کے لیے ریمپ تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ضلع کے تمام سرکاری اور نجی عمارتوں اور شاپنگ سنٹرز میں بھی وہیل چئیرز کے لیے ریمپ تعمیر کئے جائیں اور ان کے ساتھ پائپ بھی لگائے جائیں۔ وہ پارکوں اور سرکاری و نجی دفاتر اور کمرشل بلڈنگز میں خصوصی افراد کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ کے علاوہ پی ایچ اے کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ان کے لیے پارکوں میں کارنر مختص کئے جائیں گے۔چئیرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے پارکوں میں خصوصی ٹائلٹس تعمیر کئے جائیں گی۔خصوصی افراد کے ساتھ میٹنگ کا پروگرام تشکیل دیا گیا ہے تاکہ ان کی آراءکی روشنی میں پارکوں میں سہولیات پلان کی جاسکیں۔اعجاز جنجوعہ نے کہا کہ شہر کی گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے کے لیے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔موسم بہار میں ہر چوک اور شاہراہ پر پھول رنگ بکھیریں گے۔