کراچی، لاہوراور دیگر شہروں میں خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ، فلسطین فائونڈیشن یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی نرسری شارع فیصل سے شروع ہوکرکراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہو گی کراچی : فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست اراکین سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، مسلم پرویز، اسرار عباسی، مولانا باقر زیدی، میجر (ر) قمر عباس،مطلوب اعوان اور سیکریٹری جنرل صابر ابو مریم نے منگل کے روز کراچی پریس کلب میں 29نومبر عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے ایک اہم ترین پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی اپیل پرجمعہ 29نومبر کو ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی کا عالمی دن منایا جائے گا اور اس عنوان سے کراچی، لاہور، کوئٹہ، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں یکجہتی فلسطین کے خصوصی پروگرام منعقد کئے جائیں گے جبکہ مرکزی یکجہتی فلسطین پروگرام کراچی میں سائیکل ریلی برائے یکجہتی فلسطین کا انعقاد کیا جائے گا۔ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی نرسری شارع فیصل سے جمعہ29نومبر کو ٹھیک تین بجے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہو گی جہاں پر قائدین سائیکل ریلی سے خطاب کریں گے ۔فاؤنڈیشن کے رہنماؤں نے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور شرکت کریں۔رہنماؤں نے کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گرد ی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مزاحمت میں ہے ۔انہوں نے ناروے میں قرآن کریم کی توہین کے المناک حادثہ کو امریکی وصہیونی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔