کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مفتی محمد نعیم کی رحلت سے گہرا صدمہ ہوا، مرحوم کی نماز جنازہ میں شریک نہ ہو سکا اس لئے تعزیت کیلئے جامعہ بنوریہ عالمیہ آیا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرحوم کے صاحبزادے مولانا نعمان نعیم اور دیگر سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے مولانا نعمان نعیم کو یقین دہانی کرائی کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ ایسے ہی چلتا رہے گا، میں حکومت پاکستان کی طرف سے تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ مفتی نعیم سے میرے تعلقات دوستانہ تھے ،وہ باعمل عالم دین تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ مفتی محمد نعیم نے پوری زندگی اسلامی شعائر کی ترویج میں گزاری، انہوں نے انسانیت سے محبت کا درس دیا، یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ مثالی درسگاہ ہے ، امید ہے مفتی نعیم کا مشن جاری رہے گا، ملک و قوم کیلئے مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مولانا نعمان نعیم نے کہاکہ گورنر سندھ دکھ کی اس گھڑی میں یہاں تشریف لائے ، ہم ان کے مشکور ہیں ، مفتی محمد نعیم نے ہمیشہ اسلام، ملک و قوم کی فلاح کو مدنظر رکھا، یہی نصیحت وہ ہمیں بھی کرتے تھے ، ان کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہرمثبت کام میں تعاون جاری رہے گا اور پہلے کی طرح جامعہ بنوریہ عالمیہ کے دروازے ہر طبقے کیلئے کھلے رہیں گے۔