لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے قومی اسمبلی میں بہت بڑی تعداد ممبران کی بیمار ہو جائیگی۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال، پی ٹی آئی کے ایم این اے فرخ حبیب سمیت دیگر ارکان اسمبلی میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے لکھا کہ میں نے جب ویڈیو سیشن کی تجویز دی تو مسلم لیگ کی لیڈرشپ نےاس تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔ ٹویٹر پر فواد چودھری نے مزید لکھا کہ تجویز کو مسترد کرنے والے اب وہ تمام لیڈرز نہ صرف خود کورونا کا شکار ہیں بلکہ معاملات جس طرح ہاتھ سے نکل رہے ہیں لگتا ہے کہ بہت بڑی تعداد ممبران کی بیمار ہو جائیگی۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1270760995921821696 ٹویٹر کے آخر میں انہوں نے کہا کہ قومی رہنماؤں کو عوام کو گمراہ نہیں صحیح راستہ دکھاناچاہئے۔ https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1270771584760979456 دوسری طرف سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے فواد چودھری نے لکھا کہ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو اور بچوں والی ضدیں نہ کیا کریں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 702 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوگئی۔