فیصل آباد: سی آئی اے پولیس نے موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں ملوث دو بین الصوبائی گینگ پکڑلئے ۔ ملزموں کے قبضہ سے 70 عدد مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں، ملزمان منظم نیٹ ورک کی صورت میں کارر وائیاں کرتے اور موٹرسائیکلیں چھین کر اور چوری کرکے فوری طور پر دوسرے اضلاع میں منتقل کردیتے تھے ، پولیس نے مسروقہ گاڑیوں کے خریداروں کی تلاش شروع کررکھی ہے ۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن /ایس پی سی آئی اے محمد کاشف اسلم نے سی آئی اے ہیڈ کوارٹرمیں ڈی ایس پی نصراللہ نیازی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں کے بڑھتے ہوئے اضافہ پر سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر)محمد سہیل چودھر ی نے سی آئی اے پولیس کو ٹاسک دیا تھا جنہوں نے مشکوک ملزموں کے موبائل فونز کے ڈیٹا کے ذریعے ان کے منظم گینگ کا سراغ لگایا اور ان کے رابطوں کے ذ ریعے دیگر ملزموں کا سراغ لگاکر مذکورہ ٹیموں کو ٹاسک دیئے جس پر اے ایس آئی رانا رضوان جاوید و دیگر نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر بدنام زمانہ جیجو گینگ کے سرغنہ عبدالعزیز عرف جیجو کو اس کے ساتھیوں محمد آصف، محمد بلال اور محمد شفیق کے ہمراہ جبکہ قیصری گینگ کے سرغنہ قیصر عرف قیصری کو ساتھیوں ناصر عرف ناصری اور شاہد شوکت کے ہمراہ گرفتار کرلیا تو ملزموں نے دوران تفتیش وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف مقامات پر چھپائی گئی 70 موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں، ایس ایس پی کاشف اسلم کے مطابق ملزمان کا وسیع نیٹ ورک ہے اور ان کے سہولت کار و مال مسروقہ موصول کرنے والے ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔