کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کے ایم سی کے اسپتالوں خصوصاً عباسی شہید اسپتال کو وینٹی لیٹرز، ضروری سامان، آلات مہیا کئے جائیں، دو فلٹرکلینک قائم کردیے، وسیم اختروباکے باعث انتقال کرجانے والوں کیلئے پانچ قبرستان مختص، تمام ترحفاظتی اقدامات کئے جائیں گے ، قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہوگی، میئرکی گفتگو کراچی: میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والوں کے لئے کراچی کے پانچ قبرستان مختص کردیے گئے ہیں، ان قبرستانوں میں محمد شاہ قبرستان نارتھ کراچی، سرجانی قبرستان، سیکٹر 6 اے ناردرن بائی پاس، مواچھ گوٹھ قبرستان، حب ریور روڈ، کورنگی نمبر 6 قبرستان اور اورنگی ٹاؤن گلشن ضیا قبرستان شامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے عباسی شہید اسپتال میں کورونا وائرس کے سلسلے میں انتظامات اور فلٹر کلینک کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر ندیم راجپوت اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر وسیم اختر نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کرجانے والے افراد کی تدفین کے لئے جنازے کے ساتھ صرف چند قریبی رشتہ دار ہی قبرستان میں داخل ہوسکیں گے ۔ تدفین کیلئے آنے والی میت کو تمام ترحفاظتی اقدامات کے ساتھ لایا جائے گا، قبرستان میں میت کے آخری دیدار کی اجازت نہیں ہوگی۔ میئر نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے کے ایم سی کے متعلقہ محکمے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں اور میں نے این ڈی ایم اے، گورنر سندھ اور حکومت سندھ کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے یہ درخواست کی ہے کہ اس وبائی مرض سے نمٹنے کیلئے کے ایم سی کے اسپتالوں خصوصاً ایک ہزار بیڈ پر مشتمل عباسی شہید اسپتال کو وینٹی لیٹرز، ضروری سامان، آلات اور فنڈز مہیا کئے جائیں تاکہ انہیں جناح اسپتال، انڈس اسپتال اور آغا خان اسپتال کی طرح کورونا وائرس سے نمٹنے کے سینٹرز بنائے جا سکیں۔ میئر وسیم اختر نے کہا کہ دو فلٹر کلینک قائم کردیے گئے ہیں، جہاں سے ابتدائی طور پر ٹیسٹ کیا جاتا ہے ۔ نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور دمے کے مریضوں کو ادویات دے کر فلٹر کلینک سے ہی فارغ کر دیا جاتا ہے ۔ کورونا وائرس سے متعلق کوئی علامات ظاہر ہوں تو مریضوں کو ٹیسٹ کے لئے ان اسپتالوں کو بھیجا جاتا ہے جو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے مختص ہیں۔ میئر نے بتایا کہ تمام اضلاع بشمول کراچی ضلع کونسل کی یونین کمیٹیوں میں جراثیم کش اسپرے کا پہلا مرحلہ گزشتہ ہفتے مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ادا کی جاچکی ہے جبکہ افسران و ملازمین کی مارچ کے مہینے کی تنخواہیں تین سے چار روز میں ادا کردی جائیں گی۔