فیصل آباد: یوٹیلیٹی سٹورز ریجنل انتظامیہ کی جانب سے سٹورز کا میرٹ پر آڈٹ نہ ہونے سے ریکارڈ میں لاکھوں روپے مالیت کے سامان کے شارٹیج کے انکشافات سامنے آگئے جبکہ حکام بے ضابطگیوں میں پائے جانیوالے ملازمین کیخلاف کارروائیوں کے بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرتے ہوئے خاموش تماشائی بن گئے ۔ تفصیلات کے مطابق حکام کی جانب سے ہر تین ماہ کے بعد تمام یوٹیلیٹی سٹورز کا ریکارڈ، سٹاک اور سیلز کو چیک کرتے ہوئے آڈٹ رپورٹ تیار کرنا ہوتی ہے ۔ سٹاک، ریکارڈ اور سیلز میں فرق پائے جانے کی صورت میں متعلقہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے سے انکوائری کی جاتی ہے اور ذمہ داروں کیخلاف محکمانہ کارروائیاں بھی عمل میں لائی جاتی ہیں لیکن فیصل آباد ریجن میں انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر نرمی اختیار کرنے اور بااثر ملازمین کو ریلیف دیتے ہوئے آڈٹ میرٹ پر نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری خزانے کو ماہانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شہر کے بیشتر یوٹیلیٹی سٹورز جن میں ریاض شاہد برانچ، فیصل آباد چنیوٹ روڈ برانچ، اے بی سی پُلی برانچ اور سدھو پورہ سمیت شہر کے درجن پوائنٹس پر بااثر اور قریبی تعلقات والے ملازمین کو نوازنے کیلئے آڈٹ رپورٹ مفروضوں کی بنیاد پر بناکر ملازمین کو ریلیف دیا جارہا ہے جبکہ ان سٹورز پر 10سے 15 روپے کے سامان کی شارٹیج کا سامنا ہے لیکن حکام کی جانب سے اس کو چھپاتے ہوئے ان ملازمین کو نوازا جارہا ہے ۔ زونل منیجر جاوید مشتاق کہتے ہیں کہ معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔