آسٹریلوی شہر میلبرن میں بنائی جانے والی نئی ہاؤسنگ سوسائٹی کی سڑکوں کو لیجنڈ پاکستانی کرکٹرز عمران خان، وسیم اکرم، انضمام الحق، جاوید میانداد، اور شعیب اختر کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ علاقہ میلٹن سٹی کونسل میں سبرب شہر کے راک بینک میں واقع ہے۔ اس علاقے کے پراپرٹی ڈویلپر کا کہنا ہے کہ انہیں اس عمل سے عوام کا بہت اچھا ردعمل ملا ہے ورون شرما نامی پراپرٹی ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی اس علاقے کی سڑکوں کو نامور کرکٹرز کے ناموں سے منسوب کیا ہے تو اس میں خریداروں کی دلچسپی دگنی ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کون نہیں چاہے گا کہ اس کا گھر کسی نامور کرکٹر کے نام کے علاقے میں ہو۔ https://twitter.com/So234er/status/1271509695044476928 ورون شرما نے کہا کہ ان گلیوں اور سڑکوں کو خان سٹریٹ، میانداد سٹریٹ، اکرم وے، ہیڈلے سٹریٹ، ٹنڈولکر ڈرائیو، اختر ایونیو، انضمام سٹریٹ، کوہلی کریسنٹ، سوبرز ڈرائیو اور دیو ٹیرس جیسے نام دیئے گئے ہیں۔ میلٹن شہر کے میئر کرلارا کارلی نے اس عمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ناموں سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو فخر ہوگا۔ دوسری جانب ایک اور سٹیٹ ڈویلپر کا خیال ہے کہ ناموں سے کچھ زیادہ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ اس علاقے میں زمین خریدتے ہوئے لوگ کئی دوسری باتوں کا خیال کرتے ہیں جیسا کہ یہاں سے سکول کتنا دور ہے، ہسپتال کہاں ہے اور ہسپتال یا سپر مارکیٹ کتنے فاصلے پر ہیں۔