لاہور: کورونا لاک ڈاؤن کے باعث روکی گئی ترقیاتی سکیموں کو شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کیپٹن ریٹائرڈسیف انجم نے 65کروڑ کی لاگت سے 190 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کی اجازت دے دی جبکہ پانچ میگامنصوبوں کے لیے فرمز کی پری کوالی فکیشن کرنے کا فیصلہ بھی ہو گیا۔کمشنر سے اجازت ملنے پرچیف کارپوریشن آفیسر ایم سی ایل سید علی عباس بخاری نے 190سکیموں کے ٹینڈرزاخبارات کے لیے ارسال کردئیے ۔ 150ترقیاتی سکیمیں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام جبکہ 40 میٹروپولیٹن کارپوریشن کے بجٹ سے مکمل ہونگی ۔کمشنرنے پانچ میگا ترقیاتی منصوبوں کے لیے فرمزکی پری کوالی فکیشن کے لیے اشتہار جاری کردیا،سرکلر روڈ کی تعمیر و مرمت کیلئے 14کروڑ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے ،ضرار شہید روڈ16کروڑ،شملہ پہاڑی ری سٹرکچرنگ 4کروڑ78لاکھ،داتا دربار کے بیرونی حصہ کی تعمیر و مرمت 4کروڑ88لاکھ،لاری اڈا کی تزئین و آرائش پر 3 کروڑ78لاکھ کا تخمینہ لگایاگیاہے ۔قومی اسمبلی کے 14 جبکہ 4صوبائی حلقوں میں پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کی سکیمیں مکمل ہونگی ۔ شہر بھر کے مسنگ مین ہول کورز کی خریداری کیلئے ڈیڑھ کروڑ کے ٹینڈرز کردئیے گئے ۔