لاہور: میٹرو بس اور پارکس عید کے دنوں میں بند رہیں گے جبکہ پی ایچ اے کے دو پارکوں میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق زیر تعمیر منصوبوں پر دوبارہ باقاعدہ کام کا آغاز یکم جون سے ہوگا، ایل ڈی اے کی ہدایت پر کنٹریکٹرز نے اورنج ٹرین ، بابِ لاہور، حاجی کیمپ ڈرین اور دیگر ترقیاتی کاموں سے لیبر کو چھٹی دے دی، عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اک موریہ پل کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر کھول دیا گیا جو کہ عید کے دنوں میں چلتی رہے گی ۔ دوسری جانب عید کی چھ چھٹیوں کے دوران بھی ون ونڈو سیل پر درخواست جمع کرانے کی ایڈوانس اپوانٹمنٹ لی جاسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں جیلانی پارک ریس کورس میں ڈی جی آفس کے سامنے گراؤنڈ میں نماز عید پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ باغ جناح میں دارالسلام مسجد اور احاطے میں عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی، دوسری جانب گریٹر اقبال پارک ، ناصر باغ اور دیگر پارکوں میں نماز عید کی ادائیگی کے لیے پی ایچ اے کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ۔