تازہ ترین

میہڑ اسپتال مسائل کا گڑھ ، ادویات کا 95 فیصد بجٹ نہیں مل رہا

میہڑ-اسپتال-مسائل-کا-گڑھ-،-ادویات-کا-95-فیصد-بجٹ-نہیں-مل-رہا

تحصیل اسپتال میں 44 ڈاکٹرز کا تقرر ہے ، صرف 5 سے 7 ڈاکٹر ڈیوٹی پر آتے ہیں ایم ایس بھی اکثر غائب رہتے ہیں ، لیبارٹری اور ایکسرے مشین بند، مریض پریشان میہڑ:میہڑ تحصیل اسپتال مسائل کا گڑھ بن گیا، ایم ایس کی اکثر عدم موجودگی کے باعث مسائل بڑھنے لگے ، پریشان حال مریضوں نے صوبائی وزیر صحت، سیکریٹری صحت اور ڈی جی ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق دو لاکھ سے زائد آبادی رکھنے والے ضلع دادو کا بڑا اسپتال میہڑ متعدد مسائل کا شکار ہے ، اسپتال میں پینے کے پانی کی ٹینکی اور بڑا جنریٹر ناقابل استعمال ہے ، جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ ذرائع کے مطابق اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالحمید شیخ اکثر اسپتال سے غائب رہتے ہیں ، جس کے باعث اسپتال تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے ۔ مریضوں کا کہنا ہے کہ اسپتال میں اکثر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث وہ واپس چلے جاتے ہیں جبکہ اسپتال کے ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا کہنا ہے اسپتال میں ادویات کا 95 فیصد بجٹ نہیں مل رہا ہے ، اسپتال کی لیبارٹری میں کافی عرصے سے ٹیکنیشن نہیں ہے ، جس کے باعث مریضوں کے ملیریا اور ٹائیفائیڈسمیت مختلف امراض کے ٹیسٹ نہیں ہورہے ہیں اور مریض پرائیویٹ لیبارٹری سے ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہوگئے ہیں ، اسپتال کی ایکسرے مشین بھی کافی عرصے سے بند ہے ، ایک ایمبولینس ہے جو من پسند لوگوں کو سفارش پر دی جاتی ہے ، اسپتال میں دل کے ڈاکٹر، سرجن اور لیڈی ڈاکٹرز کا تقرر ہی نہیں کیا گیا ہے ، اسپتال میں 44 ڈاکٹرز کا تقرر ہے لیکن صرف 5 سے 7 ڈاکٹر ڈیوٹی پر آتے ہیں۔ اسپتال کی پوسٹ مارٹم کی بلڈنگ میں شہر کے سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث بلڈنگ خستہ حالی کا شکار ہے ، جس کے باعث لاشوں کا پوسٹ مارٹم ایک پرائیویٹ کوارٹر میں کیا جاتا ہے ۔ اسپتال کے رہائشی کوارٹرز بھی سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث خستہ حالی کا شکار ہیں۔ اسپتال کے ملازمین، مریضوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اسپتال کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں