تازہ ترین

نئے برساتی نالے کی تعمیر،مہران ڈرین کی بحالی کیلئے کمیٹی قائم

نئے-برساتی-نالے-کی-تعمیر،مہران-ڈرین-کی-بحالی-کیلئے-کمیٹی-قائم

کمیٹی 30روز کے اندر فزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون تیار کرے ، چیف سیکریٹری سندھکے الیکٹرک تنصیبات کی بارشوں سے حفاظت کا منصوبہ بنائے ،ممتاز علی شاہ، اجلاس سے خطاب کراچی : چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت مون سون بارش اور اربن فلڈ سے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں ہوا، جس میں بتایا گیا کہ لٹھ ڈیم سے آنے والا پانی بذریعہ مہران ڈرین ملیر ندی میں جاتا ہے ،مگر بہاؤ کے قدرتی راستے پر ایم نائن موٹر وے ، رہائشی سوسائٹیز ہونے اور مہران ڈرین کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ناردرن بائی پاس پر اربن فلڈ کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 3.5 کلومیٹر طویل برساتی نالے کی تعمیر کی جائے گی جس سے آبادی کو سیلاب کی صورتحال سے بچایا جاسکے گا۔ چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنر ملیر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مہران ڈرین سے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات منہدم کی جائیں۔ انہوں نے نئے برساتی نالے کی تعمیر اور مہران ڈرین کی بحالی کے لئے محکمہ آبپاشی، کے ایم سی، کنٹونمنٹ بورڈ پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی اور اسے 30 روزکے اندر فزیبلٹی رپورٹ اور پی سی ون بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ بارشوں میں سیلاب سے آبادی کے ساتھ کے الیکٹرک کے گرڈ کو بھی خطرہ تھا۔ چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ تمام گرڈ اسٹیشنز کی بارشوں سے حفاظت کا منصوبہ تیار کرکے حکومت سندھ کے ساتھ شیئر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم نائن موٹر وے پر کلورٹس کو چوڑا کرنے کیلئے این ایچ اے کو خط لکھا جائے ۔ اجلاس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، کے الیکٹرک کے حکام، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے ،محکمہ آبپاشی کے افسران ودیگر شریک ہوئے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں