شجرکاری کیلئے جگہ مختص نہ کرنے پرپروجیکٹ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ، تیمر کے درختوں کی مسلسل کٹائی کو روکنے کیلئے کمیٹی تشکیل ،مقدمات درج کیے جائیں گے کراچی: صوبائی وزیر بلدیات و جنگلات سید ناصر حسین شاہ نے تمام نئے اور زیر تعمیر منصوبوں میں شجر کاری کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں شجرکاری کی جگہ لازمی مخصوص کرنا ہوگی ورنہ پروجیکٹ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی تما م نئے منصوبوں میں شجرکاری کو یقینی بنائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریڑی بلدیات روشن شیخ، ایس بی سی اے کے ڈی جی ظفر عباس، ڈی جی کے ڈی اے اور میونسپل کمشنر ڈائریکڑ سیف الرحمن، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، ڈی جی لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی خالق لغاری، پروجیکٹ ڈائریکڑ ملیر ایکسپرس وے نیاز سومرو اور نیشنل فورم فار انوائرمنٹ اینڈ ہیلتھ کے صدر و ماہر ماحولیات محمد نعیم قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر روشن شیخ نے کہا کہ کراچی میں پارکوں کی حالت کو بہتر کرنے کیلئے این جی اوز کیلئے شجر کاری کیلئے کچھ علاقہ مختص کرنا ہوگا۔اس موقع پر تیمر کے درختوں کی مسلسل کٹائی کو روکنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جبکہ ناصر شاہ نے درختوں کی کٹائی پر فوری کاروائی اور مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی۔