ملتان: امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی ملتان کے شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز ہو گیا ہے جس نے عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عوام مہنگائی، چینی آٹے کی قلت سے پریشان ہیں اور دوسری طرف کور ونا کے بڑھتے کیسز ہیں اور اب لوڈشیڈنگ سے عوام ذہنی اذیت کا شکار ہیں، انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں نے حقیقی اسلامی پاکستان کی کو کنگلا کر دیا ہے ،ایک طرف آئی ایم ایف کے قرضوں سے جکڑا ہوا ملکی معاشی نظام اور سودی معیشت ہے جبکہ دوسری طرف حکمرانوں نے صرف مہنگائی اور بحرانوں کا تحفہ ملک کے عوام کو دیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے عوام کو فوری اور مکمل ریلیف دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر سے موجودہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا تعلق ہے ،اگر ان کے شہر میں بسنے والے عوام گرمی میں لوڈشیڈنگ سے تنگ رہیں تو یہ ان کے لئے سوچنے کا مقام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میپکو حکام اس غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیں اور اس مسئلہ کو فوری حل کرکے عوام کو ریلیف پہنچائیں۔