ملتان : عید کے موقع پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت پرائس مجسٹریٹس کا رواں مہینے کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں ضلع کے 48پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی جب کہ ممبرصوبائی اسمبلی بیرسٹر وسیم خان بادوزئی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان اور ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر احمد رضا نے پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے 27 ایام میں447 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا، اورگرانفروشوں کو52لاکھ42ہزار4سو روپے جرمانہ کیا گیا،27 دنوں کے دوران17 ہزار524 دکانوں کو چیک کیا گیا جن میں سے 3ہزار 295 دکاندار مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرتے پائے گئے ،دوسری طرف ڈپٹی کمشنر عامر خٹک پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی سے انتہائی خوش ہیں اور انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پرائس مجسٹریٹس کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے ، ان پرائس مجسٹریٹس میں وزیراعلی عثمان بزدار کے دورہ ملتان کے موقع پرتعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے جائیں گے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کے موقع پر پرائس چیکنگ جاری رکھی جائے اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کو کوئی موقع نہ دیا جائے ۔