تازہ ترین

نادرامرکزایجرٹن روڈ سے کرسیاں،شامیانے ہٹالئے گئے:سائلین خوار

نادرامرکزایجرٹن-روڈ-سے-کرسیاں،شامیانے-ہٹالئے-گئے:سائلین-خوار

لاہور : نادرا میگا سنٹر ایجرٹن روڈ سے شامیانے اکھاڑ ، کرسیاں اٹھوا لی گئیں جس کی وجہ سے سائلین خوار ہوکر رہ گئے ، تپتی دھوپ میں درخواست گزار کورونا ایس او پیز کے متضاد سنٹر کے باہر قطاروں میں کھڑے نظر آئے ۔ تفصیل کے مطابق احساس کفالت پروگرام میں امداد کے اہل افراد کے شناختی کارڈز پر اعتراضات اٹھائے گئے جس سے شناختی کارڈز میں تصحیح کرانے والوں کا رش نادرا دفاتر میں بڑھ گیا۔نادرا میگا سنٹر ایجرٹن روڈ کے باہرلوگوں کی لمبی قطاریں لگی نظر آئیں، سنٹر میں آنیوالے سائلین باہر دھوپ میں کھڑے ہونے پر مجبور رہے جبکہ دو روز قبل لگے ہوئے شامیانے بھی نادرا انتظامیہ کی طرف سے اتروا دئیے گئے ،اسی طرح سائلین کو بیٹھنے کے لئے دی گئی سہولت بھی چھین لی گئی، کوروناایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی جارہی رہیں،3 فٹ کے سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل درآمد نہیں کرایا گیا جبکہ نادرا سنٹر کے باہر ہاتھ دھونے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔ روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر نادرا انتظامیہ نے دھوپ میں کھڑے سائلین کو نادرا سنٹر کے اندر بلوا لیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں