ںواب شاہ: زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے دو بچے جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ جام صاحب روڈ کے محلہ سید آباد کے ایک ہی خاندان کے سات افراد کھانا کھاتے ہی بیہوش ہو گئے اور ان کی حالت غیر ہوگئی تو انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پیپلزمیڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک سالہ بچے شاہ زین اور 9 سالہ بچی زارا نے دم توڑ دیا۔ تھانہ بی سیکشن کی پولیس کے مطابق اسپتال میں زیرعلاج گھر کے پانچ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ڈاکٹرز زیرعلاج افراد کو مکمل طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: پشاور میں غیرت کے نام پر لڑکا اور لڑکی قتل اسپتال میں زیرعلاج افراد میں سے فی الوقت فیضان آرائیں، اہلیہ رخسانہ اور بیٹی روحاب کے نام معلوم ہو سکے ہیں۔ پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ محلہ سید آباد سے اطلاع دی گئی تھی کہ زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے سات افراد کی حالت غیر ہو گئی ہے جس کے بعد متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاقہ پولیس نے گھر سے کھایا جانے والا کھانا جمع کرکے ٹیسٹنگ کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا ہے۔ پولیس نے گھر سے دیگر ثبوت و شواہد بھی اکھٹے کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس اس سلسلے میں مزید تفتیش و تحقیق کررہی ہے۔