لاہور ( 9 نیوز) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف ائیر ایمبولینس میں لندن کے لئے روانہ ہو گئے ۔ ائیر ایمبولیس آج صبح لاہور پہنچی تھی ۔ العزیزیہ ریفرنس میں 10 سال قید کی سزا پانے والے نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی تھی ، ڈاکٹروں کی جانب سے پاکستان میں ان کا علاج نہ ہونے کے باعث وفاقی کابینہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں ایک بار علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تھی ۔ نیب حراست میں نواز شریف کی طبیعت پلیٹ لیٹس میں کمی سمیت دیگر امراض کے باعث ناساز ہو گئی جس کے بعد انہیں علاج کے لئے لاہور کے سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی طبی بنیادوں پر 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی جس کے بعد انہیں جاتی امراء منتقل کیا گیا جہاں ان کے لئے آئی سی یو وارڈ قائم کیا گیا تھا۔ نواز شریف کی جانب سے علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی گئی ، نام ای سی ایل میں ہونے کے باعث وفاقی کابینہ نے مشروط اجازت دی جسے ن لیگ نے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے میڈیکل رپورٹس میں حالات ناساز ہونے پر انہیں ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جس کے بعد نواز شریف آج لاہور ائیرپورٹ سے ائیرایمبولینس کے ذریعے لندن کے لئے روانہ ہو گئے ۔