تازہ ترین

نوجوان کی ہلاکت:سفاری پارک 20روز کیلئے بند،8اہلکار معطل

نوجوان-کی-ہلاکت:سفاری-پارک-20روز-کیلئے-بند،8اہلکار-معطل

صوبائی وزیر جنگلی حیات کاپارک کا دورہ ،انتظامیہ پر برہمی،2سپروائزروں سمیت 8 سکیورٹی گارڈز معطل کردئیے ،پارک کے جنگلوں کے قریب درخت فوری کاٹنے کے احکامات ورثا کیلئے 2 نوکریوں کا اعلان،غفلت پر محکمانہ کارروائی ہو گی:اسد کھوکھر،لواحقین کی قانونی کارروئی کیلئے پولیس کو درخواست ،ورثا کے ساتھ ہیں، مقدمہ درج کرائینگے :ن لیگ لاہور،رائے ونڈ نوجوان کی ہلاکت پر لاہور لائن سفاری پارک 20دنوں کیلئے بند،غفلت برتنے پر 2 سپروائزروں سمیت 8 سکیورٹی گارڈ معطل کردئیے گئے ۔تفصیل کے مطابق سفاری پارک میں گزشتہ روز شیروں نے 18سالہ نوجوان بلال کو چیر پھاڑ کر کھالیاتھا۔ صوبائی وزیر جنگلی حیات اسد علی کھوکھر نے سفاری پارک کا دورہ کیا ،واقعہ پر انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر پارک کو 20دنوں کیلئے بند کردیا اور 2سپروائزروں سمیت 8 سکیورٹی گارڈز معطل کردئیے ۔ انہوں نے لائن سفاری کے ایریا میں لوہے کے جنگلوں کے قریب جتنے بھی درخت ہیں ان کو فوری کاٹنے کے احکامات بھی دئیے ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بہت جلد سفاری پارک میں سی سی ٹی وی کیمرے لگادئیے جائیں گے تاکہ سفاری پارک میں مکمل نظر رکھی جا سکے ۔ ڈی جی سمیت دیگر عملہ تحقیقات کررہا ہے ، 24گھنٹوں میں رپورٹ مل جائے گی ۔اس کے بعد ذمہ داروں کو ضرور سزا ملے گی، افسوس کی بات ہے تین دن تک کسی کو معلوم ہی نہیں ہوا شیروں نے ایک انسان کو کھا لیا ۔ بعد میں ملک اسد علی کھوکھر جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین سے اظہار افسوس کیلئے ان کے گھر پہنچے ۔صوبائی وزیر نے کہا انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو آئند ہ 48 گھنٹوں میں رپورٹ پیش کرے گی ،اگر اہلکاروں کی غفلت ثابت ہوئی تو ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ صوبائی وزیر نے لواحقین کے لیے 2 سرکاری ملازمتوں کا بھی اعلان کیا جس میں ایک ملازمت متوفی کے والد اور دوسری اس کے بیٹے کو دی جائے گی۔ادھر نوجوان کے لواحقین نے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ رائے ونڈ میں پولیس کو درخواست جمع کرا دی ۔ پولیس اور فرانرک ایجنسی نے نوجوان کی باقیات تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ن لیگ کے ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر نے کہا نوجوان کی ہلاکت انتظامیہ کی غفلت سے ہوئی، ہم لواحقین کے ساتھ ہیں، مقدمہ درج کرائیں گے 

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں