تازہ ترین

نوکوٹ میں ٹرانسپورٹر ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیرنے لگے

نوکوٹ-میں-ٹرانسپورٹر-ٹریفک-قوانین-کی-دھجیاں-بکھیرنے-لگے

مسافروں کو گاڑیوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح بھرا،چھتوں پر سوار کرایا جاتا ہے ہالامیں کروڑوں روپے سے میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے لگے آر او پلانٹ ناکارہ نوکوٹ،ہالا: نوکوٹ سے مختلف روٹس پر چلنے والی لگژری اور لوکل مسافر گاڑیوں نے جھڈو ،بدین، نوکوٹ ،میرپورخاص، ڈگری، کنری ،مٹھی، ڈیپلو اور ننگر پارکر میں آر ٹی اے اور ٹریفک قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ ٹرانسپورٹ مالکان کی جانب سے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی بس اسٹینڈ پر مسافرگاڑیوں میں مردو خواتین اور بچوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح سوار کرایا جاتا ہے جبکہ چند روپے کے لالچ کی خاطر مسافروں کی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کوچو ں کی چھتوں پر گنجائش سے زیادہ مسافروں کو بٹھالیا جاتا ہے ۔اس کے علاوہ کوچوں کو ہائی اسپیڈ میں سڑک پر بھگایا جاتا ہے جس کے باعث آئے دن حادثات میں مسافروں کی قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا ہے جبکہ آر ٹی اے میرپورخاص اور ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی ان خلاف ورزیوں پر چپ سادھ رکھی ہے ۔ مسافروں نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ روٹس پر مسافر گاڑیوں کا اضافہ کرکے مسافروں کی جانوں سے کھیلے جانے والے اس اقدام کا نوٹس لیا جائے ۔ ہالا سے نمائندے کے مطابق میونسپل انتظامیہ کی غفلت اور لا پروائی کے سبب ہالا اور گردونواح کے عوام بدستور زہریلا اور بدبو دار پانی پینے اور دور دراز سے میٹھا پانی لانے پر مجبور ہیں جبکہ زہریلے پانی کے استعمال سے شہری ہپاٹائٹس اور دیگر امراض میں مبتلا ہورہے ہیں ،شہر بھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شہریوں کو میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے لگائے گئے آر او پلانٹ ناکارہ پڑے ہیں جبکہ ان پر کام کرنے والے مزدور بھی تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے بدحالی اور شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہالا شہر میں آٹھ آر او پلانٹ لگے ہوئے ہیں لیکن میونسپل انتظامیہ کی لا پروائی اور عدم توجہی کی وجہ سے کوئی آر او پلانٹ کام نہیں کر رہا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں صاف پانی فروخت کیا جا رہا ہے جو عوام کو فری میں ملنا چاہیے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں