قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کو آج طلب کر رکھا تھا نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف سے وراثت میں موصول جائیداد کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں، شہباز شریف کو 17 اپریل کو بھی طلب کیا تھا لیکن انہوں نے تحریری طور پر پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔ نیب نے شہباز شریف کے آج بھیجے گئے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 4 مئی کو دوبارہ طل کرلیا۔ نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے لہذا ذاتی حیثیت میں تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہو کر مطلوبہ معلومات فراہم کی جائیں، شہباز شریف قانون کیمطابق بذات خود پیش ہوں اور قومی ادارے کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں، اپنے خلاف جاری تحقیقات میں قومی ادارے کیساتھ تعاون کریں۔ واضح رہے کہ نیب میں گزشتہ طلبی کے موقع پر شہباز شریف کی جانب سے نیب کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کے خاتمے اور ڈاکٹروں کی آئندہ رائے تک طلبی کے نوٹس کو موخر کیا جائے۔ خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ میرے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ ڈیکلئرڈ اور متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے، میری عمر 69سال ہے اور میں کینسر کا عارضہ لا حق رہا ہے جسکی وجہ سے میری قوت مدافعت انتہائی کم ہے ،مجھے ڈاکٹروں نے سختی سے تاکید کی ہے کہ میں کورونا وائرس کی موجودہ جان لیوا صورتحال میں باہر نہ نکلوں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کو مطلوبہ ریکارڈ لاک ڈائون کی وجہ سے موجود نہیں ہے۔