نادہندہ کو نوٹسز کے باوجود عدم ادائیگی کی صورت میں انکے کنکشن منقطع ہونے چاہئیں واجبات کے نادہندگان سے رعایت نہیں ہوگی،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی ہدایت فیصل آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے ہدایت کی کہ صارفین تک واسا کے بلوں کی تقسیم کا نظام مزید بہتر بنائیں تاکہ بل نہ ملنے یا عدم پتہ کی کوئی شکایت سامنے نہ آئے اور ریکوری میں اضافہ ہو۔انہوں نے یہ ہدایت اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں ڈائریکٹر ریونیو واسا جانسن گل،ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن یاسر اعجاز چٹھہ اور بل تقسیم کارکمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا واسا کے نادہندہ صارفین سے ریکوری کے لئے موثر نظام پر عملدرآمد کیا جائے اس سلسلے میں سابق بقایاجات وصول کرنے کے علاوہ خصوصی طور پر سیوریج نیٹ ورک کو استعمال کرنے والے ان صارفین کو بلنگ نیٹ ورک میں لایا جائے جو ویسٹ واٹر کوواسا کے نظام میں ڈالنے کے باوجود بل ادا نہیں کررہے ۔انہوں نے کہا نادہندہ کو نوٹسز کے باوجود عدم ادائیگی کی صورت میں ان کے کنکشن منقطع ہونے چاہئیں جبکہ چالان بھی سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیجے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے سپیشل مجسٹریٹ سے کہا وہ نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کریں اس ضمن میں کوئی چالان زیرالتوا نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا صارفین کو واٹر سپلائی اور سیوریج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے بہترین اقدامات کئے جائیں گے تاہم واجبات کے نادہندگان سے کوئی رعایت نہیں ہوگی ۔