پانی ، غذائی تحفظ کیلئے شراکت داری ضرورت ،تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہو گا ہمارے بچے ماحولیات کیلئے اقدامات میں غلطیوں کا احتساب کرنیکا حق رکھتے ہیں:خطاب اسلام آباد : صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی اور غذائی تحفظ کے بحران سے نمٹنے کے لئے بین الصوبائی روابط کی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں توانائی، پانی اورخوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے واٹر پالیسی پر عملدرآمد کے ضمن میں صوبوں کے درمیان اتفاق رائے ناگزیر ہے ۔ وہ چوتھی کراچی انٹرنیشنل واٹر کانفرنس کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام حصار فاؤنڈیشن نے کیا تھا۔ اس کانفرنس کا موضوع ‘پانی، توانائی اور غذا کا تعلق اور 21 ویں صدی میں پاکستان کا ایجنڈا’ ہے ۔ صدر پاکستان نے عالمی حدت کی پیچیدگی کے اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی اور غذائی تحفظ کے لئے شراکت داری کا نیٹ ورک وقت کی ضرورت ہے ، اس ضمن میں تمام طبقات ، نجی شعبہ، حکومت، سول سوسائٹی، میڈیا اور پاکستان کے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس دور میں رہ رہے ہیں وہاں ہمارے بچے ہماری ماحولیات کے حوالے سے احتیاطی اقدامات میں ناکامی کی غلطیوں کا احتساب کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ وہ ہم سے یہ توقع کرتے ہیں کہ ہم قدرتی وسائل کے تحفظ اور ورثہ میں پانی اور خوراک سے مزین معاشرہ تعمیر کر کے جائیں گے ۔ انہوں نے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں کے زراعت اور پانی کے وزیروں بشمول وفاقی وزراء کو آئندہ ہونے والی کانفرنس میں بلائیں تاکہ وہ حکومتی ایجنڈا دے سکیں۔