اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس جاری ہے ، جس میں کورونا وائرس کی صورت حال سمیت ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس شروع ہوگیا ، جس میں وفاقی کابینہ کورونا وائرس کی صورت حال کا جائزہ لے گی اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور ہوگا۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10جون کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، بڑے شہروں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں۔ کابینہ اجلاس میں وفاق کی جانب سےاسٹیٹ بینک کےتحت کورونا فنڈ تشکیل کی اور بچوں سے مشقت معاملے پر ترمیمی ایکٹ 2019 میں مزید ترمیم کی منظوری دی جائے گی جبکہ جی بی میں انسداد الیکٹرانک کرائمز کیلئے پریزائیڈنگ افسران کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا تھا ، بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ملک کے بیس بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے جہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کرونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اس ضمن میں عوام کا کلیدی کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ آنے والے چند مشکل ہفتوں کے دوران حفاظتی اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن رکھا جا سکے۔