اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور حملے کو ناکام بنایا۔ انہوں نے شہداکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئےدعا بھی کی۔ https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1277497092777312258 خیال رہے کہ آج صبح پولیس نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشتگرد حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام چار حملہ آوروں کو مار دیا تھا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سب انسپکٹر اور چار سیکیورٹی گارڈز شہید ہوئے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں اسٹاک ایکسچینج کا ایک گارڈ بھی شامل ہے۔ یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام ، 2 حملہ آوروں سمیت 5 ہلاک ایس ایس پی مقدس حیدر کے مطابق سب انسپکٹر محمد شاہد، پولیس کانسٹیبل سعید اکرم اور سیکیورٹی گارڈ افتخار فضل بھی شہید ہوئے ہیں۔n پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر چار افراد کار میں سوار ہو کر اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں داخل ہوئے اور دو حملہ آوروں کو عمارت کے مرکزی گیٹ پر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق دو دہشتگرد عمارت میں داخل ہوگئے تھے جن کو سرچ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے اسٹاک ایکسچینج میں سرچ آپریشن کیا جہاں سویلین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ہلاک ہونے والے حملہ آوروں کے بیگز سے دستی بم، پانی کی بوتلیں، کھانے پینے کی اشیا اور جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے حملہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے فنڈڈ دہشتگردوں سے مماثلت رکھتا ہے۔