جعلی اکاؤنٹس کیس میں قومی احتساب بیورو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج نیب ہیڈکواٹرز میں پیش ہوں گے۔ نیب کے روبرو پیش ہونے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی کابینہ اور سینیر ارکان کے ہمراہ بدھ کی دوپہر اسلام آباد خصوصی طیارے کے ذریعے روانہ ہوئے۔ نیب کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سے جعلی اکاؤنٹس اور سولر لائٹس کیس میں سوال کیے جائیں گے۔ دوسری جانب مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔ مرتضیٰ وہاب نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں خصوصاً پیپلزپارٹی کے ساتھ ظلم و ستم جاری ہے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ ظلم کے باوجود ہم ہمیشہ ثابت قدم رہے، انشاءﷲ ایک بار پھر ہم ثابت قدم رہتے ہوئے سرخرو ہوں گے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قومی احتساب بیورو نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو تیسری بار طلب کیا ہے۔