اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی ہےریاست مدینہ کے نام پر قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا،اجلاس سے خطاب کراچی : جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک کیلئے عذاب بن گئی ہے ، ہوشربا مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن بن گئی، وفاقی حکومت سے چھٹکارا قوم پر فرض ہوچکا، آئے روز نت نئے طریقے سے عوام کو اذیتیں دیکر جینے کا حق چھینا جارہا ہے ،ملک و قوم کا مستقبل مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے۔ اپنے دفتر میں اجلاس سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، مہنگائی کا جن دن بدن بے قابو ہوتا جارہا ہے ،تمام ملکی ادارے جام کردیئے گئے ہیں اور معیشت تاریخ کی بدترین سطح پر پہنچا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں اور حکومت آئے روز ٹیکسز بم گرانے میں مصروف ہے ، غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے ، حکمران لاکھوں روپے تنخواہوں سے بھی گزارا نہیں کرپا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو گھر بھیجنا وقت کی ضرورت ہے، وزیر اعظم صرف خواب دیکھنے میں مصروف ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہاکہ ظالمانہ ٹیکسز اور ناکام حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے ،ریاست مدینہ کے نام پر قوم کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں تحریک تحفظ آئین پاکستان لاہور سے شروع ہو گی، اسلامیان پاکستان کا سیلاب حکمران طبقے کو خس و خاشاک کی طرح بہالے جائے گا۔