تازہ ترین

وفاقی کابینہ کااجلاس، زلفی بخاری کا انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ

وفاقی-کابینہ-کااجلاس،-زلفی-بخاری-کا-انٹرنیشنل-فلائٹس-کھولنے-کا-مطالبہ

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ کر دیا ، پروازوں کی بحالی سے متعلق حتمی فیصلہ کچھ دیر میں متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقیم  کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں وفاقی کابینہ کورونا وائرس اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا معاملہ زیربحث آیا ، معاون خصوصی زلفی بخاری نےانٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ  کر دیا۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ فلائٹس کی بندش سے اوورسیزپاکستانیوں کو مشکلات ہیں، وفاقی کابینہ انٹرنیشنل فلائٹس کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی کرے ،  دیارغیرمیں پھنسے پاکستانیوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ  2 لاکھ سےزائد اوورسیز پاکستانی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں، بیرون ملک مقیم ہم وطن مالی مشکلات سے بھی دو چار ہیں،  وقت کا تقاضا ہے مشکل میں ہم وطنوں سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے اور این سی سی کااجلاس بلا کر معاملے پر مشاورت کی جائے۔ ذرائع کے مطابق پروازوں کی بحالی سے متعلق مشاورت جاری ہے ، حتمی فیصلہ کچھ دیرمیں متوقع ہے۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10جون کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، بڑے شہروں میں کثیرالمنزلہ عمارتوں کی تعمیر کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں۔ کابینہ اجلاس میں وفاق کی جانب سےاسٹیٹ بینک کےتحت کورونا فنڈ تشکیل کی اور بچوں سے مشقت معاملے پر ترمیمی ایکٹ 2019 میں مزید ترمیم کی منظوری دی جائے گی جبکہ جی بی میں انسداد الیکٹرانک کرائمز کیلئے پریزائیڈنگ افسران کی تعیناتی بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کی صورت حال کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا تھا ، بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ کرونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے ملک کے بیس بڑے شہروں میں ان مقامات کی نشاندہی کردی گئی ہے جہاں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کرونا کے پھیلاؤ کو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اس ضمن میں عوام کا کلیدی کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا  کہ صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اس حوالے سے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ آنے والے چند مشکل ہفتوں کے دوران حفاظتی اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں توازن رکھا جا سکے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں