وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منگل 9 جون کو دن 12 بجے طلب وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں کابینہ کو وفاقی بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 8 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ کابینہ ملکی سیاسی، معاشی اور کرونا کی وبائی صورتحال کا جائزہ لے گی اور چینی بحران بارے کمیشن رپورٹ پرعمل درآمد پر بات کرے گی۔ وفاقی کابینہ اقتصادی رابط کمیٹی کے 3 جون کے فیصلوں کی توثیق پر غور کرے گیاقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3 جون کو پاکستان اسٹیل ملز کے 9350 ملازمین فارغ کرنے کی سفارش کی تھی جس پر کابینہ ملازمین کی برطرفی یا ملازمت برقرار رکھنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ وفاقی کابینہ کو متروکہ وقف املاک میں اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن وفاقی کابینہ کو کنٹریکٹ سے متعلق کارکردگی پر بریفنگ دے گی۔ کابینہ ایس ایم ای بینک کے صدر/ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کی منظوری دے گی جبکہ سیکٹر ایف 12 اور جی 12 فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤس اتھارٹی کو مختص کرنے کی منظوری دے گی۔ بورڈ آف سوئی ناردرن گیس پائپ لائینز کے بورڈ آف ڈائریکٹر کی الیکشن کے لئے نامزدگی کی منظوری دے گی اور ارسا میں جدید ٹیلی کام سسٹم کی تنصیب میں خلل کی تحقیقات کرانے کا جائزہ لے گی۔