تازہ ترین

ٹرک پوائنٹس پر ناقص اور غیر معیاری آٹے کی فروخت جاری

ٹرک-پوائنٹس-پر-ناقص-اور-غیر-معیاری-آٹے-کی-فروخت-جاری

لوگ دکانوں سے فائن آٹا خریدنے پر مجبور،شہریوں کا رجحان نہ ہونے سے بیشتر ٹرک 50فیصد سے زائد تھیلے واپس لے جانے لگے سستے اورمعیاری آٹے کی فراہمی کیلئے کوشاں ،ریلیف کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے :کمشنر فیصل آباد فیصل آباد: لاک ڈائون کے دوران شہریوں کو سبسڈی قیمتوں پر آٹے کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز مالکان کو آن بورڈ لیتے ہوئے شہر کے 26 سے زائد مختلف مقامات پر ٹرک پوائنٹس قائم کئے گئے تھے جہاں فلور ملز کی جانب سے ٹرک لگاکر شہریوں کو سستے داموں آٹا فروخت کیا جارہا تھا لیکن انتظامیہ کی جانب سے آٹے کی کوالٹی چیک کرنے کیلئے کوئی سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے ٹرک پوائنٹس پر ناقص اور غیر معیاری آٹا فروخت کئے جانے کابھی انکشاف سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کے افسروں اور ملازمین کی جانب سے مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے فلور ملز مالکان کو غیر معیاری آٹے کی ٹرک پوائنٹس پر فروخت کی اجازت دی جارہی ہے تاکہ فائن آٹے کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہونے سے اسکی فروخت میں اضافہ ہواور فلور ملز مالکان کو زیادہ منافع حاصل ہوسکے جسکی وجہ سے ٹرک پوائنٹس پر غیر معیاری آٹا فروخت ہونے سے لوگ دکانوں سے فائن آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ ٹرک پوائنٹس پر شہریوں کا رجحان نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر ٹرک 50فیصد سے زائد آٹے کے تھیلے واپس لیکر لوٹ جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے ٹرک پوائنٹس پر فروخت ہونے والے آٹے کی چیکنگ کا بھی انتظامیہ کی جانب سے کوئی سسٹم متعارف نہیں کروایا گیا جس کی وجہ سے ان پوائنٹس پر فروخت ہونے والے آٹے کی کوالٹی کھانے کے قابل نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں نے پوائنٹس کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔اس معاملے پر کمشنر فیصل آباد عشرت علی کہتے ہیں کہ شہریوں کو سستے اور معیاری آٹے کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں ، شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں