تازہ ترین

ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے اقدامات کر ر ہے ہیں، گورنر

ٹڈی-دل-کے-خاتمے-کیلئے-اقدامات-کر-ر-ہے-ہیں،-گورنر

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ میں وفاق کے زیر انتظام ترقیاتی منصوبوں ،احساس پروگرام کی چاروں کیٹیگریز کے تحت نقد رقم کی تقسیم،صوبہ میں ٹڈی دل کے خطرے اور اس کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ہم اس مشکل وقت میں صوبہ کے کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم کا احساس پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا سماجی پروگرام ہے جس کی چاروں کیٹیگریز میں رقوم کی تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ، وزیر اعظم صوبہ سندھ کی ترقیاتی ضرورتوں سے بخوبی واقف ہیں۔ وفد میں حلیم عادل شیخ،جے پرکاش لوہانہ ،جمال صدیقی،آغا ارسلان ،سیف اللہ ابڑو،جام فاروق ،حنیف لاکھانی ،مظفر شجرہ،نواب زید تالپور،سمیر میر شیخ اور مجید پٹھان شامل تھے ۔ دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شہید امجد صابری کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ جواں سال بیٹے امجد صابری کی شہادت پر مرحومہ نے صبر و ہمت کا قابل فخر مظاہرہ کیا، بلاشبہ وہ باہمت خاتون تھیں جنہوں نے نہ صرف غلام فرید صابری مرحوم کا زندگی بھر ساتھ دیا بلکہ اپنے بیٹے شہید امجد صابری کی آبیاری بھی کی۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں