حکومت ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے عملی اقدامات کرنے کیلئے فنڈز مہیا کررہی ملتان : حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے سرویلنس جاری ہے ۔ حکومت پنجاب کاشتکار بھائیوں کا کسی صورت نقصان نہیں ہونے دے گی۔ ملتان ڈویژن میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے حالات کنٹرول میں ہیں جبکہ انتظامیہ مکمل طور پر متحرک ہے ۔ حکومت پنجاب ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے عملی اقدامات کرنے کے لئے فنڈز بھی مہیا کررہی ہے تاکہ بروقت سدِباب کو یقنی بنایا جاسکے ۔ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے ملتان ڈویژن میں ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کو ٹڈی دل کے ممکنہ حملے بارے فوری پیشگی اقدامات کرنے کا حکم دیا جا چکا ہے ۔ڈویژن بھر میں کاشتکاروں کا سروے مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ ادویات ، سپرے ، مشینری اور ہیومن ریسورس بارے مکمل رپورٹ تیا ر کی جاچکی ہے اور سروے رپورٹ حکومتِ پنجاب کو بھجوائی جاچکی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں لوکسٹ کنٹرول رومز قائم کئے جاچکے ہیں۔ اس موقع پر محکمہ زراعت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 800 لیٹر حشرات کش ادویات فراہم کی گئی ہے جس میں سے ڈویژن بھر کے 367 ہیکٹرز پر 334 لیٹر سپرے کی جاچکی ہیں۔ مختلف ٹیمیں مسلسل سرویلنس کر رہی ہیں جبکہ 36 ہینڈ سپرے مشینیں بھی خرید کر فراہم کی جاچکی ہیں۔