کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی حدود میں فائرنگ اور دستی بم حملے سے دو دہشت گردوں سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ پولیس اہل کار سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق آج صبح پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر کاروباری ہفتے کے پہلے روز دہشت گردوں نے دستی بم کے ساتھ حملہ کیا، جسے سیکورٹی اداروں نے ناکام کرتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو مار دیا، واقعے میں 3 مزید افراد بھی جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مبینہ طور پر حملہ آور بھی شامل ہیں، غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی جنھوں نے مبینہ طور پر سیکورٹی گارڈز کے کپڑے پہنے تھے، جو جوابی کارروائی میں مارے گئے۔ ایدھی حکام نے واقعے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، جب کہ تین زخمی ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، ریسکیو ذرایع نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ماہر معاشیات مزمل اسلم نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اسٹاک مارکیٹ کی عمارت میں اس وقت 2 ہزار کے قریب لوگ موجود ہیں، کچھ دیر قبل اچانک پہلے فائرنگ ہوئی اور پھر ٹریڈنگ ہال کے باہر دستی بم حملے کی اطلاع ملی۔ پولیس اور رینجرز کی بڑی نفری عمارت کے اندر اور علاقے میں موجود ہے، یہ علاقہ حساس ہے، یہاں اہم دفاتر موجود ہیں، لوگوں کا بھی رش رہتا ہے، سیکورٹی بھی سخت رہتی ہے، پولیس حملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔