پاکستان میں کورونا وائرس دن بدن تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے اور گزشتہ روز ریکارڈ کیسز کے بعد آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کی تصدیق کی گئی۔ آج سامنے آنے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز 80 ہزار 463 ہوگئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 1688 تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز سے ملک میں اب تک کے ایک روز کے سب سے زیادہ 4155 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اموات میں بھی 78 کا اضافہ ہوا۔تحریر جاری ہے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی بات کریں تو ابتدا میں اس کا پھیلاؤ کافی کم تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تیزی آتی گئی اور اب یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔ 26 فروری 2020 کو ملک میں اس عالمی وبا کے پہلے کیس کے بعد مختلف طرح کی پابندیاں لگائی گئی جو بعد میں لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوگئیں تاہم بعد ازاں اس سے پڑنے والے معاشی اثرات کو دیکھتے ہوئے مئی میں اس میں نرمی کی گئی جبکہ جون میں بعض شعبوں کے علاوہ باقی سب ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی گئی۔ تاہم جہاں فروری اور مارچ میں پابندیوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کیسز کم تھے وہیں اپریل میں اس میں کچھ اضافہ ہوا جو بعد ازاں مئی میں مزید بڑھ گیا اور اب جون میں بھی اسی کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان میں وائرس کے پہلے کیس سے 31 مارچ تک یعنی ایک ماہ سے زائد عرصے میں تقریباً 2 ہزار کیسز تھے اور 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اس عرصے میں 26 اموات ہوئی تھیں۔ تاہم اپریل میں صورتحال کچھ مختلف رہی اور مہینے کے آخر تک کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔ بعد ازاں مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہی ہوگئی اور ایک ماہ میں 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔ جون کی ابتدا سے بھی صورتحال کچھ ایسی ہی دکھائی دے رہی ہے اور صرف 2 روز کے دوران 7 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات سامنے آچکی ہیں۔ آج (3 جون) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔