فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر آفس میں پری فلڈ انتظامات واربن فلڈ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی نے پاک آرمی کے بریگیڈیئر کو انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاک آرمی کے اعلیٰ افسر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز صدر وتاندلیانوالہ عمر مقبول،اسامہ نیازی،محکمہ انہار،واسا اور دیگر محکموں کے افسر بھی شریک تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ کے دوران پری فلڈ انتظامات اور اربن فلڈنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور ضلعی انتظامیہ کے فلڈکنٹرول میکنزم کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ممکنہ فلڈ کی صورتحال میں فلڈریلیف سنٹرزکے قیام اوردستیاب سازو سامان کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے تاندلیانوالہ میں بڈھے شاہ کے مقام پر کٹاؤکے باعث پیدا شدہ صورتحال اوراس سلسلے میں کئے جانے والے حفاظتی انتظامات پربھی بریف کیا۔انہوں نے بتایا مون سون سیزن سے قبل تمام تر انتظامات کومکمل کیا جارہا ہے اور ڈی سلٹنگ کاکام جاری ہے جو قبل ازوقت مکمل کرلیا جائے گا۔ بریگیڈیئرپاک آرمی نے پری فلڈ انتظامات کے انعقاد کو سراہا اور کہا آئندہ سیزن میں بھی ممکنہ شدید بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کی پیشگی تیاریاں احسن اقدام ہے ۔