وزارت قومی صحت نے کرونا مریضوں کی پلازمہ تھراپی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق کرونا مریض کی پلازمہ تھراپی کوایف ڈی اے نےصرف تجرباتی علاج قراردیا ہے،متعلقہ ریگولیٹری اتھارٹی کی اجازت سے پلازمہ تھراپی ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے،منظور شدہ اسپتال میں ماہرین کی زیر نگرانی ہی یہ کام کرنے کی اجازت ہے۔ ترجمان وزارت صحت نے بتایاکہ پلازمہ خریداری سے متعلق عوام کسی بھی بلڈبینک یا اسپتال کے دھوکے میں نہ آئیں،پلازمہ تھراپی کےعلاج سے متعلق معلومات کیلئے صرف حکومتی اداروں سے رابطہ کریں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ کرونا سے مکمل صحتیاب افراد 2 ہفتے بعد پلازمہ عطیہ کرنےکیلئے 1166 پر رابطہ کرسکتےہیں،پلازمہ صرف عطیہ کیا جاسکتا ہے اور بیچنے یا خریدنے کی ہرگز اجازت نہیں۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر ماہرین نے پلازمہ تھراپی کو ٹیسٹ کرنے پر زور دیا جو کہ کئی برس سے مختلف امراض کے علاج میں استعمال کی جارہی ہے ترجمان نے واضح کردیا کہ پلازمہ عطیہ کرنےوالےشخص کی حتمی رضامندی نہایت ضروری ہے،ڈاکٹرمریض کا تمام ڈیٹا اور ٹرائل کے نتائج نیشنل ڈرگ سیفٹی مانیٹرنگ بورڈ کو ارسال کریں۔