قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے کرپشن مقدمات میں ملزمان سے وصول کی گئی قومی دولت کی مرحلہ وار واپسی کا آغاز کر دیا۔نیب لاہور کا ایک اعلامیے میں کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے 11 کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت پر مشتمل چیک متعلقہ حکام کے حوالے کیا گیا۔ رقوم پنجاب اسپورٹس بورڈ کرپشن کیس، ایل ڈی اے حکام و دیگر کے خلاف بوگس پلاٹ کیس میں پلی بارگین کی مد میں لی گئیں۔نیب لاہور نے مزید بتایا کہ یہ رقوم پنجاب پاور ڈیولپمنٹ کمپنی کیس میں ملزمان سے پلی بارگین کی مد میں برآمد کی گئیں۔ نیب لاہور کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیگر مقدمات میں گوجرانوالہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی و دیگر کے خلاف کیس، پان پتہ کیس اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن حکام کے خلاف کیسز بھی شامل ہیں۔