وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نون لیگی ترجمانوں کا پناہ گاہوں کو بلا جواز تنقید کا نشانہ بنانا غریب دشمنی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سخت سردی سے ٹھٹھرتے بے گھر افراد کے لیے سائباں کی دستیابی وزیراعظم عمران خان کے احساس کا مظہر ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے نون لیگی ترجمانوں کی جانب سے پناہ گاہوں کی بلا جواز تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو چاہیے کہ سردی سے ٹھٹھرتے بے گھروں کے بجائے لندن کی آرام دہ پناہ گاہوں پر تنقید کریں۔ https://twitter.com/Dr_FirdousPTI/status/1211527599995916288 انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی بنیاد احساس پر رکھی گئی ہے، بے آسرا غریبوں کو چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے، انسانیت کی فلاح و خیر خواہی عمران خان کی زندگی کا نصب العین ہے۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ لٹیرا لیگ کی قیادت پاکستانیوں کو غریب اور بےگھر کرکے ایون فیلڈ کے پر آسائش محل میں لطف اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی بھلائی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، شریفین نے صرف اپنی آل اولاد اور ذات کا سوچا ہے جبکہ عمران خان کی جدوجہد قوم کے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے ہے۔