تازہ ترین

پنجاب: اسپتال آئیں تو تھرمامیٹر ساتھ لائیں

پنجاب:-اسپتال-آئیں-تو-تھرمامیٹر-ساتھ-لائیں

تبدیلی کا خواب ادھورا ہی رہ گیا اور سرکاری اسپتالوں کا رخ کرنیوالے مریضوں کو درپیش مسائل کا حل ممکن نہ ہو سکا۔  آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے تھرما میٹر بھی موجود نہیں ہیں۔ لواحقین مارکیٹ سے تھرمامیٹر خرید کر لانے پر مجبور ہیں۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے آئے مریضوں کے لیے تھرمامیٹر کی سہولت دستیاب نہیں ہے، صرف ایمرجنسی میں مریض کو تھرما میٹر فراہم کیا جاتا ہے۔ شہری نادر علی نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ تھرمامیٹر خود سے فراہم کریں تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنا چل کر میڈیکل اسٹور تک آنا پڑتا ہے، اسپتالوں کے باہر موجود میڈیکل اسٹورز مالکان کہتے ہیں کہ کورونا وبا کے بعد تھرما میٹرز کی فروخت زیادہ بڑھی ہے۔ ایک اور شہری جمیل اقبال نے کہا کہ اب ڈاکٹرز بھی کورونا کی وجہ سے تھرما میٹر زیادہ لکھ کر دے رہے ہیں، 90 فیصد لوگ اسپتالوں سے ہی تھرمامیٹر لینے کے لئے آتے ہیں۔ محکمہ صحت حکام کے مطابق تمام اسپتالوں میں تھرمیٹرز موجود ہیں، سی او او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم نے مریضوں سے تھرما میٹر منگوانے والوں کو نوسرباز قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں بہت سے نو سرباز بھی پھر رہے ہوتے ہیں اور وہی ایسے کام کرتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں