شہید ذوالفقار بھٹو جیساکوئی لیڈرنہیں جس کی سالگرہ بڑے پیمانے پر منائی جاتی ہے سیاست کا رشتہ ڈر اور خوف نہیں دل کا ہوتا ہے ،وزیراطلاعات،تقریب سے خطاب کراچی : سندھ کے وزیر برائے اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ بے شک شہید ذوالفقار علی بھٹوجسمانی طور پر آج ہم میں نہیں لیکن آج بھی لوگوں کے دلوں میں ان کی عزت و احترام پہلے سے بھی کہیں زیادہ ہے ۔انہوں ان خیالات کا اظہار اتوار کوشہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو دنیا کے وہ واحد سیاسی لیڈر ہیں جن کی سالگرہ ان کی شہادت کے بعد بھی باقاعدگی کے ساتھ ہر سال جنوری کے پورے مہینے میں ملک کے ہر حصے میں جوش و خروش سے منائی جاتی ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی شخص یا لیڈر ایسا نہیں ہوگا جس کی سالگرہ اتنے بڑے پیمانے پر منائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سالگرہ کی تقریبات ان تمام قوتوں کے لئے ایک واضح پیغام ہے جو یہ سوچتے تھے یا امید رکھتے تھے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خاموشی سے دفن کرنے کے بعد لوگوں کے دلوں سے بھی ان کا نام مٹا دیں گے ۔ سعید غنی نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ نہ صرف شہید ذوالفقار علی بھٹو بلکہ ان کی پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے لوگوں کی محبت میں کئی گناہ اضافہ ہو گیا ہے ۔یہ پیغام ان لوگوں کے لئے بھی ہے جو آج بھی شہید بھٹو کی پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ سیاست کا رشتہ دل کا رشتہ ہوتا ہے نہ کہ ڈر اور خوف کا۔اس رشتے کے توڑنے کے لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو ، شہید بینظیر بھٹو یا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جیسا لیڈر چاہیے۔