استنبول: ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر ہونے والے وکلا کے حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے سامنے اہم سوال رکھ دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مہوش حیات نے اسپتال پر ہونے والے حملے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ سب سن اور دیکھ کر سوچ رہی ہوں کہ ہمارے ملک میں کیا ہورہا ہے؟‘۔ انہوں نے لکھا کہ ’اس حملے کے بعد ہم بطور قوم کیا امید رکھیں کہ ہر شخص اپنا مسئلہ حل کرانے کے لیے ہجوم جمع کرے اور تشدد کا راستہ اختیار کرے گا؟، آپ سب جانتے ہیں کہ ان وکلا کی ملازمت قانون کی رکھوالی اور اُسے بہتر انداز سے جاننا ہوتا ہے‘۔ https://twitter.com/MehwishHayat/status/1204785152838135808 یاد رہے کہ کل دوپہروکلا کے پرتشدد ہجوم نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بولا اور شدید توڑ پھوٹ بھی کی، جبکہ مشتعل افراد نے پولیس وین کو آگ لگائی اور صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کو بھی زدوکوب کیا۔