جشن بہاراں کے ذریعے اہل لاہور کو تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں:محمودالرشید لاہور: پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیراہتمام سال 2020 کے دوران شہر میں 2 لاکھ 75 ہزار نئے پودے لگائے جائیں گے جبکہ 2019 میں ایک لاکھ 75 ہزار پودے لگائے گئے تھے یہ بات وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید کو پی ایچ اے لاہور کے حوالے سے اجلاس کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس کے دوران پی ایچ اے کی شجر کاری مہم اور جشن بہاراں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان اور دیگر متعلقہ افسر اجلاس میں شریک ہوئے ۔میاں محمودالرشید نے پی ایچ اے حکام کو ہدایت کی 2020 کی شجرکاری مہم کے اہداف کے حصول کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے ۔وزیرہاؤسنگ نے جشن بہاراں کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا جشن بہاراں کے ذریعے اہل لاہور کو بھرپور تفریح کے مواقع فراہم کئے جائیں۔