کراچی : چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومت ناکام ہوئی ہے ، ہم سمجھ رہے تھے کہ یہ کورونا بجٹ ہوگا لیکن پی ٹی آئی کا بجٹ عوام کی زندگیوں کو تحفظ نہیں دیتا ۔ چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلی ٰ سندھ اوروزیر صحت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کورونا سے نمٹنے کے لیے حکومت نے غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا ، موجودہ پی ٹی آئی حکومت سب کو متحد کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔ جب سے وبا آئی ہے حکومت نے ہر متنازعہ مسئلے کو چھیڑا ہے، یہ ایسا بجٹ ہے جیسے کورونا کوئی مسئلہ نہیں ۔ وبا سے نمٹنے کی حکومت کی کوئی حکمت عملی نظرنہیں آئی ، جو بجٹ پیش کیا اس کو ساری جماعتوں نے مسترد کیا ہے۔ ہم سمجھ رہے تھے کہ یہ کورونا بجٹ ہوگا، جب ریاست میں ایسے چیلنجز آتے ہیں تو حکومتیں ان کو حل کرنے کیلئے متحد ہوتی ہیں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بجٹ میں ٹڈی دل کے مسئلے کو بھی سنجیدہ نہیں لیا گیا،25 سال میں یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے ، وفاقی حکومت ٹڈی دل کو سنجیدہ لے۔بجٹ میں صوبوں کے لیے کورونا پیکج دینا چائیے تھا ۔اس وقت وبا کی صورتحال ہے، معیشت کو سہارا دینے کے لئے کچھ نہیں اس وبا سے نمٹنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، کوویڈ کے لیے جو 17 ارب روپے رکھے جانے تھے وہ ایم این کے فنڈز کے نام پردیئے گئے ، ہم دوسال سے مطالبہ کررہے ہیں وفاقی حکومت پانی کے منصوبوں کے لئے پیسے رکھیں، صحت کے نظام کے لئے پیسے رکھے پر ایسے نہیں کیا گیا۔بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ سندھ حکومت کے 229 ارب پر ڈاکہ ڈالا گیا، پنجاب کو بھی کم پیسے دیئے گئے۔ یہ وقت تھا صوبوں کو اہمیت دینے کا لیکن پی ٹی آئی حکومت صحت اورزندگیوں کو اہمیت نہیں دے رہی۔ 34بلین روپے غربت مٹانے کے لئے کم رکھے گئے ہیں،حکومت نے فوڈ سیکیورٹی کوبھی نظرانداز کیا ہے۔229ارب کم ملنے کے باوجود سندھ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا جس میں صحت اورتعلیم کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ میں فخرکرتا ہوں سندھ حکومت نے نہ صرف صحت بلکہ ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ کراچی میں حملوں کی مذمت کرتے ہیں ، سندھ حکومت دہشت گردی واقعات کی تحقیقات کرا رہی ہے، ملزموں کو انجام تک پہنچائیں گے۔