تازہ ترین

پی ٹی آئی کے ایم این اے کی سوک سینٹر میں ہنگامہ آرائی

پی-ٹی-آئی-کے-ایم-این-اے-کی-سوک-سینٹر-میں-ہنگامہ-آرائی

کراچی:  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے کے ڈی اے کے مرکزی دفترسوک سینٹر میں واقع ڈی جی کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کرکے خوف ہراس پھیلا دیا۔ کے ڈی اے افسران کے مطابق رکن قومی اسمبلی عالم گیرخان گزشتہ روز ڈی جی کی غیر موجودگی میں اپنے ذاتی کام کے سلسلے میں ڈی جی سے ملنے آئے تھے۔ ڈی جی کے عملے نے انھیں بتایا کہ ڈی جی صاحب کسی میٹنگ میں دفتر سے باہر گئے ہوئے ہیں جس پر عالمگیر خان طیش میں آگئے اور اسٹاف کے منع کرنے کے باوجود زبردستی دفتر کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی اور دروازے پر لاتین ماریں۔ رکن اسمبلی کے ہنگامہ آرائی کرنے پر ادارے کے پی آر او اکرام ستار کو بلایاگیا جنھوں نے عالمگیر خان کو سمجھانے کی کوشش کی تو عالمگیر خان نے بات سننے کے بجائے پی آر اوکو پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ مل کر دھکے دیے اور تشدد کانشانہ بنانے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود ملازمین نے بڑی مشکل سے اکرام ستار کو کمرے سے باہر نکالا۔ افسران کاکہنا ہے کہ چند روز قبل بھی عالمگیر خان نے ڈی جی کے ڈی اے کے دفتر میں ڈی جی کے ساتھ نہایت جارحانہ انداز میں بات کی تھی۔ افسران نے وزیر بلدیات اور وزیر اعلیٰ سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلیوں کی سرکاری اداروں میں مداخلت اور افسران اور ملازمین کو ڈرانے دھمکانے کا فوری نوٹس لینے اور افسران و ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ عالمگیر خان کاکہنا ہے کہ میں اورگلشن اقبال سے منتخب رکن سند ھ اسمبلی ارسلان تاج گلشن اقبال میں پارکوں اورمیدانوں کی حالت کے حوالے سے ڈائریکٹرپارک کے پاس گئے تھے ڈائر یکٹر پارک ہم کو ڈی جی کے ڈی اے کے دفتر لے کر گئے لیکن وہاں دفترکا دروازہ بند تھا جس پر ہم نے وہاں موجود پی آراو اکرم ستار سے کہاکہ ڈی جی صاحب سے ملنا ہے تو انھوں نے کہا کہ میں نائب قاصد نہیں ہو جس پر میں اور میرے ساتھی مشتعل ہو گئے اور ہم نے صرف اکرام ستار کو دھکا دے کر پیچھے کیا لیکن کوئی ہاتھاپائی نہیں ہوئی اور نہ ہی ہم نے گالم کلوچ کی ہے ،واقعے کے بعد ہم وہاں سے خاموشی سے چلے گئے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں