بہادر قیادت نے آمریت کو شکست دی،فاضل راہو کی برسی پر تقریب سے خطاب فاضل راہو سندھ کا بہادر سپوت تھا،کامران لاکھو،عوامی تحریک نے بھی برسی منائی بدین: بدین کی تحصیل شہید فاضل راہو(گولارچی)کے قصبے راہوکی میں ہاری مزدور جدوجہد کے اہم کردار شہید فاضل راہو کی 33ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی اور اس کی بہادر قیادت نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور آمرانہ طاقتوں کو شکست دے کر عوام کے حق حکمرانی کو تسلیم کرایا، متفقہ آئین دیا،مضبوط معیشت کی بنیاد رکھی اور آج بھی پیپلزپارٹی غیر جمہوری قوتوں کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کے لیے میدان میں ہے ، یہی وجہ ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت اور رہنماؤں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ان بزدل حکمرانوں کو معلوم نہیں کہ جیل کی سلاخیں اور پھانسیاں پیپلزپارٹی کے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاق نے عوام کو غربت، بے روزگاری،خود کشیوں اور اموات کے سوا کچھ بھی نہیں دیا ،وفاقی حکومت عوام کو مکان کے بجائے قبر اور کفن کا تحفہ دے رہی ہے ۔ شہید فاضل راہو نے آ مریت کیخلاف جدوجہد کرتے ہوئے ہر ہتھکنڈے اور سختی کا بہادری سے مقابلہ کیا ۔اس موقع پر پیر نوراللہ قریشی، ویر رام کوہلی ،اراکین اسمبلی میر غلام علی تالپور ،رسول بخش چانڈیو ، تاج محمد ملاح اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں بدین میں عوامی تحریک کی جانب سے شہید فاضل راہو کی برسی منائی گئی۔اس موقع پر ایڈووکیٹ رام کوہلی کے دفتر میں منعقد ہ برسی کی تقریب سے ایڈووکیٹ کامران لاکھو ، ایڈووکیٹ رام کوہلی ، قائم ٹالپور ، اجمل پرکاش اور دیگر نے شہید فاضل راہو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید فاضل راہو سندھ کا بہادر سپوت تھا۔