کورنگی ڈھائی نمبر پل، کورنگی 5 کے پل، حیدر علی انڈر پاس اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف میں بنائی گئی سڑکوں کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کیا، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات کی شرکت کراچی: شہر قائد میں پونے دو ارب روپے سے بنائے گئے چار میگاپروجیکٹس عوام کے لیے کھول دیے گئے ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیر کے روز کراچی کے چار میگاپروجیکٹس کا افتتاح کیا۔ جن چار منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے ان میں کورنگی ڈھائی نمبر کا پل، کورنگی 5 کا پل، حیدر علی انڈر پاس اور کینٹ اسٹیشن کے اطراف میں بنائی گئی سڑکیں شامل ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے مکمل کیے گئے ان چار منصوبوں کی افتتاحی تقریب راشد لطیف اسٹیڈیم کورنگی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق ایک ارب 74 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے چاروں منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ کورنگی ڈھائی نمبر پر 33 کروڑ روپے لاگت سے پل کو تعمیر کیا گیا ہے جب کہ کورنگی 5 نمبر پر بننے والے پل پر 33 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئی۔حیدر علی انڈرپاس کی تعمیر پر 66 کروڑ 10 لاکھ روپے جب کہ کینٹ اسٹیشن کے اطراف سڑکوں کی تعمیر پر 42 کروڑ 20 لاکھ خرچ ہوئے ۔