کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ادویات کے سٹاک اور ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر ملتان نے چلڈرن ہسپتال کی تزئین و آرائش اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سکیم کو ملتان ترقیاتی پیکج کا حصہ بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چلڈرن ہسپتال جنوبی پنجاب میں امراض اطفال کا واحد ہسپتال ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں بچوں کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ہسپتال کی ایمرجنسی اور آئوٹ ڈور کی توسیع کی اشد ضرورت ہے، اس بارے سکیم بنا کر حکومت پنجاب کو بھجوائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ سول ہسپتال کی عمارت چلڈرن ہسپتال کو منتقل کرنے بارے بھی لائحہ عمل مرتب کیا جائے، بعدازاں انہوں نے مریض بچوں کے لواحقین سے بھی بات چیت کی، انہو ں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے عملی طور پر کوشاں ہے، صحت کے شعبے میں مثالی اقدامات کیے جارہے ہیں، اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی بھی موجود تھے جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار حسین ، ایم ایس ڈاکٹر احسان اللہ خان کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔